ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ بنوں روڈ پر ٹریفک کے انتہائی المناک حادثے میں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کے ڈاکٹر نسیم کنڈی، والدہ، اہلیہ، دو بچوں اور ایک بہن سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ان کی جوانسال ایک بہن شدید زخمی ہوگئی، حادثہ کار اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کے امراض قلب وارڈ میں تعینات 37 سالہ ڈاکٹر محمد نسیم کنڈی ولد محمد عالم قوم کنڈی سکنہ درکی ٹانک حال سرکاری کوارٹر مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ اپنی والدہ، اہلیہ 32 سالہ ایمن بی بی، پانچ سالہ بیٹے موسیٰ، ڈیڑھ سالہ بیٹے عیسی، دو جوانسال بہنوں زیتون بی بی اور کلثوم بی بی کے ہمراہ کار میں سوار ہوکر اپنے آبائی گاﺅں جارہے تھے کہ شام چھ بجے ڈیرہ بنوں روڈ تھانہ صدر کی حدود پشہ پل کے قریب مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار بس کے ساتھ ان کی کار ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا خوفناک اور شدید تھا کہ ڈاکٹر نسیم، والدہ، دو بچوں ایک بہن زیتون سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی ایک بہن کلثوم بی بی شدید زخمی اور بیہوش ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کاروائی شروع کرکے میتوں اور زخمی خاتون کو کار سے باہر نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں پر زخمی اور بیہوش بہن کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بیان کی گئی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
![]()