ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) معروف سماجی تنظیم ”سرو“ ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم کے ”احساس پروگرام“ کے تحت چیک تقسیم کرنے کی پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد مختلف چھوٹے کاروبار کرنے والے خواتین و حضرات میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کرنا تھا۔ وزیراعظم کا ”احساس پروگرام“ نئے پاکستان کا غریب دوست پروگرام ہے۔ جس میں اثاثہ جات‘ بلا سود قرضوں کی فراہمی اور ہنر سازی کا جامع پروگرام ترتیب دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ویژن ہے کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان اور غربت سے خوشحالی تک کا سفر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پاکستان سے غربت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ اسی طرح دیگر پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں جن میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروبار کے لئے قرضے دئیے جائیں اور ہنر سکھائیں جائیں گے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر خود کھڑے ہو سکیں۔ پاکستان کی چالیس فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی معاشی عمل کے دھارے میں لارہے ہیں۔ اس موقع پر سماجی تنظیم ”سرو“ کے چیف ایگزیکٹو احمد زیب خان گنڈہ پور نے کہا کہ وزیر اعظم کے ”احساس پروگرام“ کا مقصد بلاسود قرضہ برائے روزگار ہے۔ قرضے کی حد 75000 روپے تک ہے۔ اس پروگرام سے اب تک ہزاروں غریب نوجوان و غریب خواتین مستفید ہوچکے ہیں۔ یہ پروگرام ڈیرہ کی 6 یونین کونسل میں بے روزگار خواتین و مردوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ”سرو“ کے برانچ منیجر شعیب سلام کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت میں معاون کا کردار ادا کرنا ہے تاکہ معاشرے میں غربت کی چکی میں پستی عوام کو برسر روزگار بنایا جاسکے۔
![]()