کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں محکمہ پولیس کا اہم اجلاس، پولیس میں غازی اہلکاروں کو پیکج اور خواجہ سراؤں کو نوکریاں دینے کا فیصلہ۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مقابلوں اور دیگر واقعات میں معذور ہونے والے اہلکاروں کو پیکج کے ساتھ ملازمت بھی دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں غازی پولیس اہلکاروں کی تعداد دو سو ہے۔ انہوں نے قوم کی حفاظت کے خاطر قربانی دی ان کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ہر سال 8 ہزار کے قریب ملازمین ریٹائر ہوتے ہیں۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس میں 28 ہزار کانسٹیبل کی سیٹیں خالی ہیں ان آسامیوں کو پُر کیا جائے۔ سندھ پولیس میں باقائدہ سلیکشن سینٹر کے قیام کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلی سندھ نے خواجہ سراؤں کو سرکاری نوکریوں میں مخصوص کوٹہ دینے کا فیصلہ بھی کیا اور کہا خواجہ سراؤں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ان کو ملازمتی کوٹا دینا ضروری ہے۔ اجلاس میں جامشورو، دادو، ٹھٹہ اور سجاول پر مشتمل پولیس رینج قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
![]()