Home / اہم خبریں / قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں سلمان بٹ کی ڈبل سنچری اور ظفر گوہر کی آل راؤنڈ کارکردگی نے سنٹرل پنجاب کو سیزن میں دوسری کامیابی دلا دی

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں سلمان بٹ کی ڈبل سنچری اور ظفر گوہر کی آل راؤنڈ کارکردگی نے سنٹرل پنجاب کو سیزن میں دوسری کامیابی دلا دی

لاہور (سپورٹس ڈیسک) سلمان بٹ کی شاندار ڈبل سنچری کے بعد ظفر گوہر کی آل راؤنڈر کارکردگی نے سنٹرل پنجاب کو بلوچستان کے خلاف میچ میں کامیابی دلا دی ہے۔ ظفر گوہر کے ہمراہ تجربہ کار اسپنر بلال آصف کی گھومتی گیندوں نے 2 روز میں بلوچستان کی 20 وکٹیں گرا کر سیزن میں دوسری فتح سمیٹ لی ہے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز میں521 رنز کے پہاڑ تلے دبی بلوچستان کی ٹیم فالو آن کا شکار ہونے کے بعد ایک اننگز اور 12 رنز سے شکست کھا گئی۔ میچ کے آخری روز بلوچستان نے 141 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے بسمعہ اللہ خان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ دوسرے راؤنڈ کی طرح میچ کے آخری روز کپتان اظہر علی نے ایک بار پھر اسپنرز کے استعمال کی کامیاب حکمت عملی اپنائی۔ کپتان کی ہدایت پر تجربہ کار اسپنر بلال آصف اور نوجوان اسپنر ظفر گوہر نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ بلال آصف نے چوتھے روز کھیل کے آغاز میں ہی مڈل آرڈر بیٹسمین ابوبکر کو 44 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے میزبان ٹیم پر دباؤ بڑھادیا۔ دوسری اننگز میں81 رنز کے خسارے پر موجود بلوچستان کو سبقت کے حصول میں صرف 4 وکٹوں کا سہارا تھا۔ ایسے میں بسمعہ اللہ خان نے قدرے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ بھی 70 کے انفرادی اسکور پر بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یاسر شاہ نےکچھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 17 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ بلوچستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 69.5 اوورز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میچ کی دوسری اننگز میں سنٹرل پنجاب کی اسپن جوڑی نے مشترکہ طور پر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے آف اسپنر بلال آصف اور نسیم شاہ نے میچ میں 5 جبکہ ظفر گوہر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 521 رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ سلمان بٹ نے شاندار 237 رنز بنائے تھے۔ کپتان اظہر علی اور آل راؤنڈر ظفر گوہر نے بھی سنچریاں اسکور کی تھیں۔ جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 270 رنز پر ڈھیر ہونے کے باعث فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ بسمعہ اللہ خان 71 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے تھے دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو تیسرے راؤنڈ میں بلوچستان کے خلاف بھاری مارجن سے کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر مزید مستحکم پوزیشن دلادی ہے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، جہاں سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا کے مدمقابل آئے گی جبکہ بلوچستان اور ناردرن کے درمیان میچ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔ راولپنڈی میں شیڈول میچ کو لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے