ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار ایک جان لیوہ مرض ہے لہذا اس سلسلے میں انتظامیہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں ڈینگی سے بچاﺅ سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ ٹی ایم اوز اور محکمہ صحت کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں سے ڈینگی کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے جن کو مفتی محمود میموریل ہسپتال میں داخل کیا گیا جن میں سے 9 مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ 9 مریضوں کا علاج تاحال جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مفتی محمود ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کا تسلسل کے ساتھ پلیٹلٹس کا ٹسٹ لیا جاتا ہے اور اگر بروقت مرض کی تشخیص ہو جائے اور علاج شروع کر لیا جائے تو دو ہفتے کے دورانیے کے اندر علاج مکمل کر لیا جاتا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس حوالے سے ایک سروے بھی کیا جا چکا ہے جس کے دوران رہائشی و دیگر مقامات کو چیک کیا گیا تاہم اس حوالے سے ڈینگی کے لاروا کی کوئی موجود گی تاحال سامنے نہیں آئی جبکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مختلف مقامات پر فیومیگیشن کا کام بھی جاری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ تحاصیل میں ایک رسپانس یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ ہسپتالوں میں بیڈز بھی مختص رکھے جائیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔
![]()