Home / اہم خبریں / جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سینیٹ کے تیسرے اجلاس کا انعقاد، جے ایس ایم یو کی کارکردگی اورمالی تخمینوں کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ دو برسوں کے بجٹ اور رواں سال کے تخمینے کی منظوری دی گئی

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سینیٹ کے تیسرے اجلاس کا انعقاد، جے ایس ایم یو کی کارکردگی اورمالی تخمینوں کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ دو برسوں کے بجٹ اور رواں سال کے تخمینے کی منظوری دی گئی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی سینیٹ کا تیسرا اجلاس پیر کو منعقد کیا گیا۔ یونیورسٹی کی پروچانسلر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی غیر موجودگی میں اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کی۔ اجلاس میں جے ایس ایم یو کی کارکردگی اورمالی تخمینوں کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ دو برسوں کے بجٹ اور رواں سال کے تخمینے کی منظوری دی گئی۔ سینیٹ نے گزشتہ میٹنگ کے منٹس کی منظوری دی اور وائس چانسلر کی جانب سے پیش کردہ باہمی پیشرفت کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ سینیٹ کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی 2012 میں ایک واحد ملحقہ کالج کے ساتھ شروع ہوئی لیکن اب اس کے اداروں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے، دس کالج یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ 7 ہزار سے زائد طلبا انرولڈ ہیں۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی سماجی ذمے داری کے تحت شروع کیے گئے دانتوں اور فیملی میڈیسن کے شعبہ جات اور کم پیسوں میں معیاری تشخیصی سہولیات فراہم کرنے والی لیبارٹری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ یونیورسٹی کے تحت تھرپارکر میں لگائے گئے طبی کیمپ بھی سینٹ میٹنگ میں زیر بحث آئے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےتحت پہلی بار صوبے میں تمام میڈیکل کالجز کے داخلوں کے لئے ایک انٹری ٹیسٹ کے تحت مرکزی پالیسی پر عملدرآمد کرایا گیا جو کامیاب ہوا اور اس ضمن میں شکایات بھی موصول نہیں ہوئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے سینیٹ کے معزز اراکین کو بتایا کہ یونیورسٹی نے تمام امتحانات آن لائن کر لیے ہیں، جبکہ منسلک کالج بھی آن لائن نظام پر منتقل ہوگئے ہیں اس ضمن میں کالجوں کی مدد بھی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ طلبا کی حفاظت کے پیش نظر 444 سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے جس کے ساتھ 2 مانیٹرنگ اسٹیشن، فائر فائٹنگ سسٹم اور دونوں کیمپس میں خاردار تاریں لگائی گئیں۔ یونیورسٹی کی اسکلز لیب کے لئے 10 کروڑ کی جدید مشینری خریدی گئی جبکہ جے ایس ایم یو المنائی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ نے 15 کروڑ روپے کی مشینری فراہم کی۔ یونیورسٹی کی بسوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے جن میں 6 نئی بسوں کا اضافہ جلد متوقع ہے۔ یونیورسٹی کے تحت طبی تعلیم اور رمضان کے موضوع پر منعقد کی گئی کانفرنسوں کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ یونیورسٹی کی سینیٹ میں صوبائی سیکریٹری صحت سعید احمد اعوان، صوبائی سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز، سی ای او انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان، محترمہ نادرہ پنجوانی، ڈاکٹر صادقہ جعفری، ڈاکٹر زینت عیسانی ودیگر نے میٹنگ میں حصہ لیا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایمن فاطمہ کی دھواں دار نصف سنچری، پاکستان ویمنز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے