ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ شاکر اللہ خان نے ڈیرہ کے علاقہ ظفرآباد کالونی میں معصوم بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا انہیں قتل کرنے والے انتہائی خطرناک سیریل کلر اور سفاک قاتل بیس سالہ محمد بلال کو دو مقدمات میں سزائے موت، 75 سال قید اور 9 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم جاری کردیا۔ مجرم کو 10 سالہ بچی شمائلہ بی بی کو ریپ کے بعد قتل کے جرم میں سزائے موت، پچیس سال قید سخت اور 6 لاکھ روپے جرمانے جبکہ 6 سالہ ریحانہ بی بی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے دوسرے مقدمہ میں 50 سال قید سخت اور 3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا فیصلہ سنا دیا۔ دونوں اہم مقدمات کی سماعت سنٹرل جیل ڈیرہ میں کیمپ کورٹ کے دوران کی گئی اور سنٹرل جیل کے اندر ہی ان دونوں اہم مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا۔ مجرم محمد بلال کو عدالت نے دو بچیوں 10 سالہ شمالی بی بی اور 6 سالہ ریحانہ بی بی کے ریپ اورقتل کی دفعات کے تحت سزا سنائی۔ عدالت نے 10 سالہ شمائلہ بی بی کے ریپ اور قتل میں تعزیرات پاکستان کے دفعہ 302 میں مجرم کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے عوضانہ اور جرم زیر دفعہ 376 ت پ میں 25 سال قید سخت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ ان میں 5 لاکھ عوضانہ جو مجرم متاثرہ خاندان کو ادا کرے گا۔ تھانہ ٹاﺅن کی حدود ظفرآباد کالونی ڈیرہ میں 6 مئی 2014 کو دس سالہ شمائلہ بی بی سودا سلف خریدنے کے لئے گھر سے باہر نکلی اور اچانک لاپتہ ہوگئی جس کی تلاش کی گئی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا بعد ازاں بچی کی لاش قریبی اراضی فصل گنا میں ملی جسے زیادتی کے بعد گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر اسے قتل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے بچی کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ، جس کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا تھا۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسرے مقدمہ میں 25 فروری 2016 کو 6 سالہ بچی ریحانہ بی بی گھر سے باہر نکلی اور پھر لاپتہ ہو گئی بعد ازاں اس کی قتل شدہ لاش ظفرآباد میں خالی پلاٹ کے اندر دفن شدہ پائی گئی جس کے ہاتھ اور پاﺅں باہر نکلے ہو ئے تھے۔ اسے بھی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ اس اہم مقدمہ میں عدالت نے سفاک قاتل اور سیریل کلر محمد بلال کو جرم زیر دفعہ 302 میں عمر قید اور 2 لاکھ عوضانہ جبکہ جرم زیر دفعہ 376 میں 25 سال قید اور 1 لاکھ جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔ تمام سزائیں یکجا شمار کی جائیں گی۔ دونوں مقدمات کی اہمیت کے پیش نظر ان کی سماعت سنٹرل جیل ڈیرہ میں کی گئی اوروہیں پر ہی مقدمات کا فیصلہ سنایاگیا ۔اس موقع پر عدالت کے سٹینو گرافر کاشف نواز اور نائب کورٹ سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھا ۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ عثمان ولی خان نے مجرم محمد بلال کو 6 سالہ چچا زاد بہن ماہ نور کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کرنے کے جرم میں تین بار سزائے موت اور سات لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی جا چکی ہے جس کے خلاف مجرم نے عدالت عالیہ میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔
![]()