ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نذر الرحمٰن وزیر نے قصابوں اور دیگر گران فروشوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا خون چوسنے کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ سخت سلوک کیا جائے گا اور ان سے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہیں صرف جرمانوں ہی نہیں بلکہ اب جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اشیاء خورد و نوش سرکاری نرخ سے مہنگا فروخت کرنے پر فوڈ ایکٹ کے تحت کم سے کم سزا سات دن اور زیادہ سے زیادہ تین سال قید ہے۔ گرانفروش کسی طور پر رعایت کے مستحق نہیں ہیں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی سے گریز کریں بلکہ سرکاری نرخ نامہ کے مطابق روزمرہ اشیاء کی فروخت کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اشیائے خورد و نوش میں ناجائز منافع خوروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے تاکہ مہنگائی و گرانی کے اس دورمیں عوام کو ریلیف مل سکے۔ ضلع بھر میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹروں نے بازاروں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے چودہ قصابوں کو فوڈ ایکٹ کے تحت جیل میں بند کیا ہے جبکہ انہیں بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرانفروشوں سے ان کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے لیکن وہ عوام پر ظلم کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے قصابوں کو سخت تاکید کی کہ وہ عوام پر ظلم کرنا بند کردیں اور سرکاری ریٹ پر گوشت فروخت کریں بصورت دیگر انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے گران فروشوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا خون چوسنے کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ سخت سلوک کیا جائے گا کیونکہ یہ کسی بھی طور پر رورعایت کے قابل نہیں ہیں۔
![]()