پشاور (رپورٹ: بیورو چیف اصغر شاہ) ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج اشراف قادر اور ڈائریکٹر مشینری حمایت خان اور چیف سیکورٹی افسر میجر (ر) خالد امین شاہ کی نگرانی میں حیات آباد میں تمام مارکیٹوں، سڑکوں اور مساجد کی کلورین ملے پانی سے دھلائی جاری اور دیگر علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں کی دھلائی کا سلسلہ جاری ہے اور پی ڈی اے حکام کی جانب سے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ نے حیات آباد کی تمام مارکیٹوں اور سڑکوں کی دھلائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اپنے صحت کا خیال رکھتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری کاموں کے لئے گھروں سے باہر نہ نکلیں انہوں نے کہا کہ شہری ماسک اور داستانوں (گلوز) استعمال ضرور کریں اور گلے ملنے اور بار بار ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے اسی طرح وائرس سے بچنے کے لئے بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی کا مقصد شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سٹاف پر بھی لازم کردیا گیا ہے کہ وہ بھی ماسک اور گلوز کا استعمال کریں۔ ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں اور حکومت اور انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
![]()