سکھر (بیورو رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے نظریے کی جیت ہو چکی آج سندھ میں جہاں جا رہے ہیں لوگ پھولوں سے استقبال کر رہے ہیں، لوگوں کی آنکھوں میں نفرتیں اور زبان پر چبھتے ہوئے سوال نہیں بلکہ آج سب آنے والے مستقبل کو بہتر سمت میں لے جانے کے لیے درکار لائحہ عمل پر بات کر رہے ہیں۔ ہم نے آنے کے بعد جو کچھ کہا آج اللہ نے اس پر ہمارے مخالفین سے صداقت کی مہر لگوا دی ہے۔ ہم یہی پیغام لے کر ملک بھر میں جا رہے ہیں کہ سیاسی نظریات کی بنیاد پر اختلافات کو دشمنیوں میں تبدیل نہ کریں اور مل کر پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے تنظیمی دورے کے دوسرے روز سکھر پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، وائس چیئرمین اشفاق احمد منگی، صدر سندھ کونسل شبیر قائم خانی اور سکھر ڈویژن کے صدر مصطفیٰ پیرزادہ و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں یو سی 10 سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے چیئرمین حاجی وزیر علی مہر کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں سید مصطفیٰ کمال سمیت پارٹی رہنماؤں کا شمس آباد پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ہر پاکستانی کی جماعت ہے اور عوام کی طاقت سے وہ ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔
![]()