کوالالمپور (رپورٹ: عامر وقاص چوہدری) وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ملائشین ہم منصب ڈاکٹر تن مہاتیر بن محمد کے ساتھ پترا جایا میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں کوالالمپور سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے کچھ دوستوں کا کہنا تھا کہ یہ سربراہی اجلاس مسلم دنیا کو تقسیم کردے گا، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انھوں نے اپنے دورہ ملائشیا کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا فروغ بتایا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے دفاع، تجارت اور تعلیم کے میدان میں دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کے مستقبل کو بہت اچھا بتایا انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور ملائشیا کے تعلقات مختلف شعبوں میں مستحکم ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ملیشیا دونوں مل کے اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
![]()