ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد شہاب نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ 17 فروری سے 21 فروری پولیو مہم سے پہلے پولیو کے تمام تر اقدامات مکمل کیے جائیں اور کوشش کی جائے سابقہ پو لیو مہم میں حصہ لینے والی پولیو ٹیموں کے ورکرز کو ہی ترجیح دی جائے اور انہیں دوبارہ ٹریننگ میں شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈی سی آفس میں آئندہ پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کواٹرز جمیل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ماروی ملک شیر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، تعلیم، صحت اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آنے والی پولیو مہم میں زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں اور کوشش کی جائے کے انکاری بچوں کے والدین کو ہر صورت منانے کی کوشش کرکے ان کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی اجلاس میں انچارج ای پی آئی نے بتایا کہ پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع ایبٹ آباد کے دو لاکھ 14 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 889 پولیو ٹیمیں، 34 اڈوں پر سنٹر اور ان ٹیموں کو اٹھارہ مونیٹر مانیٹرنگ کریں گے جس میں ڈبلیو ایچ او، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ تعلیم کے افسران شامل ہیں۔
![]()