کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) این بی پی سجاس انٹر میڈیا ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل سجاس بلوز اور سجاس ریڈز کے درمیان نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سجاس ریڈز نے ان فارم بیٹسمن شاہد انصاری کے جارحانہ بیٹنگ کی مدد سے مقررہ اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔ شاہد انصاری نے 66 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 بلند بالا چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ 22 گیندوں پر 23 رنز بناکر ریڈز کے کپتان محسن رضا دوسرے نمایاں بیٹسمن رہے۔ ہدف کے تعاقب میں سجاس بلوز مقررہ اوور میں 5 وکٹوں پر 190 رنز بناکر ہمت ہار گئی۔ بلوز کے کپتان جعفر حسین کی 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 54 رنز اور محسن مہدی کے 41 گیندوں پر 53 رنز بھی ان کی ٹیم کے کام نہ آئی، فائنل کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان اور پی سی بی کے سابق چیف سلیکٹر و نیشنل بینک آف پاکستان کے اسپورٹس ہیڈ اقبال قاسم نے کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، زون سیون کے سابق صدر مظہر اعوان، نیشنل بینک کے اسپورٹس و ایونٹ منیجر انور فاروقی، سابق انٹرنیشنل کرکٹر سعید آزاد اور پاکستان ہاکی انسٹیوٹ کے صدر شہاب شاہ کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے۔ دو سنچری اور ایک ففٹی کی مدد سے 278 رنز بنانے پر شاہد انصاری فائنل اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ٹورنامنٹ میں چھ وکٹیں حاصل کر کے محمد اسامہ بہترین بولر اور وکٹ کے پیچھے تین کیچ اور تین اسٹمپڈ کرنے پر آصف خان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ اس موقع پر معین خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر قلم اٹھانے والوں کی کرکٹ کے میدان میں کارکردگی دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، صحافیوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنا سجاس کی ایک اور اچھی کاوش ہے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ صحافیوں کا کام ذہن کو تھکا دینے والا ہے۔ ایسے میں کھیل کے کے ذریعے ذہن کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرکے سجاس نے نمائندگی کا حق ادا کردیا ہے۔
![]()