Home / اہم خبریں / اُردو کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے،اس کے نفاذ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ محمد ایوب سینئر رہنما پاسبان

اُردو کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے،اس کے نفاذ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ محمد ایوب سینئر رہنما پاسبان

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر رہنما محمد ایوب نے کہا ہے کہ اُردو کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے اور اردو کے نفاذ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ اردو زبان کی سرکاری سرپرستی کی جائے اور سائنسی، معاشی و معاشرتی علوم کو اردو زبان میں منتقل کرکے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جائے۔ اردو کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی ہے جس میں دنیا بھر کے ادیبوں اور شاعروں نے شرکت کی۔ کیا اُردو زبان کی ترقی کا دارومدار صرف افسانوں اور غزلوں پر ہی ہے؟ اُردو زبان کے ماہرین اور حکومتی زُعماء اسے اعلی تعلیمی مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر کب توجہ دیں گے؟ کب میڈیکل، انجینئرنگ، بینکنگ، چارٹرڈ اکاؤنٹس و دیگر اعلی سائنسی علوم کو آسان اردو میں منتقل کر کے تعلیمی نصاب تیار کرنے کا فریضہ انجام دیا جائے گا؟ تاکہ اردو زبان حقیقی معنوں میں ترقی کرسکے اور ملک سے طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ہوسکے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں محمد ایوب نے مزید کہا کہ پاکستان میں قومی زبان اردو اور سرکاری زبان انگریزی ہے جس سے غلامانہ سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔ سرکاری سطح پر قومی زبان اردو کی پذیرائی نہ ہونے کی وجہ سے قوم گومگو کا شکار ہے۔ ایک خاص طبقہ اردو بولنے والوں کو اچھا اور تعلیم یافتہ نہیں سمجھتا۔ 72 برس گذر جانے کے بعد بھی اردو زبان سرکاری سرپرستی سے محروم ہے۔ آج اُردو عالمی زبان بن چکی ہے، دنیا بھر میں اردہ سمجھنے، بولنے، پڑھنے اور لکھنے والے لوگ موجود ہیں۔ چین، ترکی، جرمنی اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک کی جامعات میں اردو ایک مضمون کی حیثیت سے پڑھائی جا رہی ہے لیکن ہمارے ملک میں اپنی قومی زبان کے فروغ کے لئے کوئی ٹھوس کام نہیں ہو رہا۔ یہاں تک کہ مائیکرو سافٹ ویئر میں اردو ٹائپنگ اور ان پیج پر بھی کسی اور ملک نے کام کیا ہے۔ آج بھی جب سالانہ اُردو کانفرنس ہوتی ہے تو اردو کی ترویج اور نفاذ پر کسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال نہیں ہوتا جبکہ یورپی اقوام نے تمام علوم کو اپنی اپنی زبانوں میں منتقل کیا ہے۔ جتنے سائنسی علوم تھے، یورپ نے عربی زبان اور مسلمان سائنسدانوں کی کُتب سے حاصل کئے اور پھر ترقی اور عروج اُن کا نصیب بن گیا۔ اُردو زبان کے ماہرین اس طرف توجہ دے کر یہ کام کب شروع کریں گے؟ اردو کی ترقی اور ترویج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ایوب نے کہا کہ ہم اردو زبان کو اپنی تعلیمی نظام کا حصہ بنائیں گے، سرکاری دفاتر اور عدالتوں میں نافذ کریں گے تو ہی صحیح معنوں میں اردو زبان ترقی کرے گی اور پورا ملک ترقی کر ے گا۔ سب سے زیادہ ضرورت سائنس و ٹیکنالوجی اور اقتصادی علوم کو آسان اُردو زبان میں منتقل کرنے کی ہے کیونکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان انہی علوم سے بے بہرہ ہونے کی وجہ سے محکوم قوم بنے ہوئے ہیں۔ شاعر و ادیب قوم کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرتے ہیں، اقبال، فیض اور جالب کی شاعری نے قوم کو باطل سے ٹکرانے کی راہ دکھائی ہے مگر اردو کو شاعری و افسانے کی کانفرنسوں تک محدود نہ کیا جائے بلکہ اس کی ترقی و ترویج کے لئے کام کیا جائے تاکہ یہ زبان زندہ رہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کی تمام زبانوں کو ملا کر پاکستانی زبان کے نام سے نئی زبان بنائی جائے جو حقیقت میں اردو کا مقامی لہجہ ہوگا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح مؤقف: بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دینے کا عزم

اسلام آباد، (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے