کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بین الاقوامی سطح پر ہونے والا سب سے بڑا آزاد "ستاروں سے بھرپور” پاکستانی ایونٹ آئی پا انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈز برطانیہ میں دو مرتبہ اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اس سال اوسلو ناروے میں بھرپور طریقے سے چھانے کیلئے تیار ہے۔ ایوارڈز کی تقریب 7 دسمبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ایکس میٹنگ پوائنٹ میں منعقد کی جارہی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس ایونٹ میں بھی پاکستانیوں کی بڑی تعداد شریک ہوکر اس عظیم پاکستانی ایونٹ کی کامیابی کا سبب بنے گی۔ سال 2017ء میں پہلی بار آئی پا انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈز منعقد ہوئے جس میں پاکستان کے 70 سال پورے ہونے کا جشن منایا گیا تھا، اس کے بعد جو سفر شروع ہوا تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ماضی میں ہمارے میڈیا اور شوبز انڈسٹری نے بڑی تعداد میں ایوارڈز کی حمایت کی، اس سال بھی یہ توقع کی جارہی ہے کہ پاکستانی سنیما، ٹیلی ویژن، فیشن اور موسیقی کی بہت سی مشہور شخصیات پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ رواں سال آئی پا انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈز ایوارڈ کی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر مشہور شخصیات ہمایوں سعید، ہانیہ عامر، سوہائی علی ابڑو، عائشہ عمر، صدف کنول، مانی، حرا مانی، منشاء پاشا، وہاب شاہ، عدنان صدیقی، آئما بیگ، نومی انصاری، نیلم منیر، شہریار منور صدیقی اور کبری خان سمیت دیگر کی آمد متوقع ہے۔ یہ گلیمرس تقریب ویژن ایونٹس انٹرنیشنل اور لالی ووڈ انٹرٹینمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کی جارہی ہے۔ اسے بیسکونی چاکولاٹو کے ذریعہ پیش کیا جائے گا جبکہ شو بائیو آملہ کے ذریعہ چلایا جائے گا اور اولیویا کے ذریعہ ناظرین کے سامنے لایا جائے گا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی آئی پا انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈزایوارڈز کی پبلک ریلیشنگ کی ذمہ داری اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس سرانجام دے رہی ہے جب کہ آفیشل میڈیا پارٹنر ہم ٹی وی ہے۔