ڈھاکا، (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ شری بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم پوری ٹیم 163 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عبداللہ فضل نے مزاحمتی بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے چھٹے ڈیبیو ٹیسٹ بیٹر بن گئے۔ سلمان علی آغا نے 26 جبکہ اذان اویس نے 15 رنز بنائے، لیکن دیگر بیٹرز بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ میزبان ٹیم کے نہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی، جس میں کپتان نجم الحسن شانتو نے 87 رنز بنائے۔ پاکستان کے نعمان علی اور حسن علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 100 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔