کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائم مقام سیکریٹری اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سارنگ لطیف چانڈیو نے شرکت کی۔ اجلاس میں میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران محکمہ اطلاعات کے تحت مکمل ہونے والے فلمی منصوبوں کے مستقبل، تشہیر اور مؤثر استعمال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے جبکہ فلمی پروجیکٹس کی پروموشن حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فلمی منصوبوں کا مقصد قومی بیانیے کو فروغ دینا اور معاشرے میں مثبت رجحانات کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فلمی صنعت کی بحالی اور فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ سندھ کی ثقافت، تاریخ اور معاشرتی خوبصورتی کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور حکومت سندھ میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔