میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) صوبائی وزیر خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے کہا ہے کہ سانحہ تیزگام ٹرین رحیم یار خان انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس سے ہماری آنکھیں اب بھی اشکبار ہیں اور پورا ضلع آج بھی سوگوار ہے یہ بات انہوں نے مذکورہ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یہ بڑا سانحہ ہے جو میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا اور یہ ناتلافی نقصان ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس معاملے پر سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اس ضمن میں ضلع انتظامیہ میرپورخاص کو ہدایت کی ہے کہ سانحہ میں شہید ہونے والوں کی میتیں لانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور گمشدہ افراد کی تلاش کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے ہری رام نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ میرپورخاص نے سینئر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم رحیم یار خان روانہ کی ہے جو وہاں کی انتظامیہ سے مل کر شہداء کے ورثاء کی مدد کرے گی، گمشدہ افراد کی تلاش کرے گی اور ایمبولینس کے ذریعے ان کی میتیں میرپورخاص لائے گی صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال نے مزید کہا کہ ہمارا شہداء کے ورثاء سے رابطہ ہے میں اور میری ٹیم شہداء اور گمشدہ افراد کے لواحقین سے ہر ممکن مدد کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے عبدالطیف کمبوہ حبیب کالونی، محمد فاروق کمبوہ حبیب کالونی، وقارمری کھارپاڑہ، محمد نواز غریب آباد، سلیم عباسی سٹلائیٹ ٹاؤن، عبدالرحمان سٹلائیٹ ٹاؤن اورمحمد شریف آرائیں پنہور کالونی کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کی بعد ازاں انہوں نے سانحہ میں پاک کالونی میرپورخاص کے گمشدہ سہیل اقبال، عادل اقبال، عبیداللہ، عادل، اورنگزیب، وسیم حسن، واجد الرحمان، یاسر علی اور شاہد کے گھر جاکر ورثاء سے گمشدہ افراد کی خیر و عافیت کیلئے دعا کی اور یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ میرپورخاص سے جانے والے ورثاء کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
![]()