راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری تین روزہ میچ کے دوسرے روز 87 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنالیے۔ اس سے قبل 204 رنز کے جواب میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم ابرار افضل کی نصف سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دسویں وکٹ کے لیے ابرار افضل اور خالد خان کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی جانب سے محمد وقاص اور عباس علی نے میچ کے دوسرے روز 40 کے مجموعی اسکور سے کھیل کا آغاز کیا تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بلے باز ابرار افضل نے خالد خان کے ہمراہ آخری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنائے۔ 74 گیندوں کا سامنا کرنے والے ابرار افضل 8 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 87 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ 25 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مہمان ٹیم کے کپتان نعیم احمد اور تنبیر عالم کے درمیان 71 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تنبیر عالم 42 رنز بنا کر علی اسفند کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ دن کے اختتام پر نعیم احمد 47 اور لیمون حسین 7 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑی 4 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز سے میچ کے آخری روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
![]()