اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے علاوہ کل او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی۔ وزیراعظم اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں کل شرکت کریں گے۔ وزیراعظم آج رات وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے، وزیراعظم کل اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس کاعنوان “مکہ سمٹ” رکھا گیا ہے، اجلاس کے دوران وزیراعظم خطاب کریں گے اور اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ گذشتہ روز او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔ اس دوران شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
![]()