نوشہرو فیروز (رپورٹ: امداداللہ ملک) محکمہ روینیو کی کارکردگی بہتر کرنے اور روینیو ریکارڈ کو بہتر کرنے میں روینیو عملہ تعاون کرے اور کسی قسم کا غلط کام کرنے سے اجتناب برتے بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز گہنور علی لغاری نے آج کنڈیارو اور محراب پور میں روینیو افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے تمام تپے داروں، سپروائزنگ تپے داروں، مختیار کاروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں اور تنصیبات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئندہ اگر مجھے کہیں سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام عملے سے تعارف کے بعد اسٹاف کی مقرری، اہداف کے حصول اور دیگر مسائل کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ کنڈیارو اور محراب پور شہر کا نقشہ بنایا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ اب شہر کن دیہوں پر مشتمل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری عزت اس میں ہے کہ کھاتہ داروں کا کام ایمانداری اور عزت کے ساتھ کریں اور کھاتہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کنڈیارو نعیم احمد سہتو، اسسٹنٹ کمشنر محراب پور اظہر علی لغاری اور دیگر افسران موجود تھے۔
![]()