کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سابق صدر سبحان علی ساحل 17 فروری کو ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے ایجنڈے کی بات کریں گے۔ پورے کراچی میں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی سرپرستی میں منشیات کے اڈے چل رہے ہیں۔ شہر قائد میں درست طریقے سے ایک مرتبہ پھر مردم شماری کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سبحان علی ساحل نے کہا کہ تحریک انصاف میرٹ پر کام کرنے کی بات کرتی تھی لیکن وہ اپنی باتوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ وفاقی وزراء اگر اپنے اختیارات استعمال نہیں کریں گے تو پچھلی اور موجودہ حکومت میں کیا فرق رہ جائے گا۔ ہم نے کراچی سے تحریک انصاف کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ 17 فروری کو ورکرز کنونشن کے ذریعے تحریک انصاف کے اصل ایجنڈے کی بات کرینگے۔ عمران خان کے نظریے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جو بھی ایم این اے اور ایم پی اے خان صاحب کے نظرئے کے خلاف جائے گا اس پر آواز بلند کریں گے اور ا س کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ منتخب ارکان کی جانب سے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد نہ کرنے کی وجہ سے پی ٹی آئی کراچی میں کمزور ہوگئی ہے۔میں تحریک انصاف کو اپنی جوانی اس لئے دی تھی کہ یہ جماعت قوم کو فرسودہ نظام کو ختم کرے گی ۔سبحان علی ساحل نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی میں تحریک انصاف کے ورکرز کو تنگ کیا جارہا ہے ۔کیماڑی اگر سمند پر بنا ہے تو ڈیفنس بھی سمند پر بنا ہے۔ ڈیفنس کے ساتھ بھی کیماڑی جیسا سلوک کرنا چائیے۔جنہوں نے چائنہ کٹنگ کی ہے پہلے انہیں سزا دی جائے ۔کراچی میں تجاوزات کے نام پر صرف فٹ پاتھ پر غریبوں کو تنگ کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہر کے تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے ہیں۔ پورے کراچی میں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی سرپرستی میں منشیات کے اڈے چل رہے ہیں۔شہر میں مسائل کی اصل وجہ مردم شماری کا غلط ہونا ہے۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں ایک مرتبہ پھر مردم شماری کرائی جائے۔
![]()