ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابرآفریدی کی زیر صدارت 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں ایک اعلیٰ ضلعی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، ضلعی نائب ناظم اسماعیل بلوچ، مولاناخلیل احمد سراج، سید نزاکت حسین شاہ گیلانی، قاری اعجاز فاروقی، علامہ قسمت علی، سید برہان الدین، مشتاق ڈار، حاجی بشیر، حاجی عبدالرشید دھپ سمیت تمام علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن حاجی ثناء اللہ مروت، ایس پی صدرحسن افضل، اے ایس پی سٹی ناصر محمود سمیت تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ ظہوربابرآفریدی نے کہا کہ 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کے موقع پر وفاقی حکومت نے سرکاری سطح پرعید میلاد النبی منانے کافیصلہ کیا ہے۔ یہ تہوار ہم سب کا ہے اور کوشش کریں کہ مل جل کر پرامن طریقے سے اس تہوار کو منایا جائے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ڈیرہ کی عوام پرامن عوام ہے۔ یہ ایک گلدستے کی مانند ہیں جس میں ہر رنگ، نسل و قوم کے افراد اکٹھے رہائش پذیر ہیں اور یہی اس علاقے اور عوام کی خوبصورتی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں اپنے مقصد اور نیت میں کامیاب کرے۔ ہمارامقصد اورنیت ڈیرہ کی عوام میں فرقہ واریت اور خوف دور کرکے تمام علماء کرام کو ایک میز پر لایا جائے اور ہر فرقہ اپنا تہوار مکمل آزادی اور امن سے منائے۔ پرانے معاہدات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔