کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنی بیٹی اور بہن کے ساتھ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا، جہاں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور چئیرپرسن وومن ایمپاورمنٹ کمیٹی چاند گل شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں جدوجہدِ کشمیر، یاسین ملک کی عمر قید، اور عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محمد احمد شاہ نے بتایا کہ 39 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی نمایاں طور پر پیش کیا گیا جبکہ فلم فیسٹیول میں کشمیر پر بننے والی فلم “سیج ان دی ایئر” کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کشمیر کے حالات اور خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ڈرامے اور شارٹ فلمیں بھی تیار کرے گی، کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور پورے ملک کی بقاء کا مسئلہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں مشعال ملک نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر یاسین ملک کی رہائی کے لیے عوامی رابطہ مہم چلا رہی ہیں اور خدشہ ہے کہ 28 جنوری کو ان کی عمر قید کو پھانسی میں بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ ہمیشہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، اور کشمیر امن و جنگ کے درمیان وہ خونی لکیر ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مشعال ملک نے آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے “ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025” کی تھیم چائلڈ ابیوز، وومن ہیرسمنٹ، نسل کشی کی مذمت اور ماحولیات — کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں اور بتایا کہ وہ تحریکِ کشمیر کے لیے اپنے فن پاروں کی نیلامی کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔