کراچی، (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو ان کی سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے صدر زرداری کو "تدبر، حوصلے اور مفاہمت کی علامت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی قیادت نے ہر آزمائش کے وقت قوم کے لیے صبر، حکمت اور اتحاد کا راستہ دکھایا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت سے ملک کو بحرانوں سے نکالا اور ہمیشہ مفاہمت کی پالیسی کے ذریعے قومی یکجہتی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی قیادت میں جمہوریت کو استحکام اور آئینی اداروں کو مضبوطی ملی، جو پاکستانی سیاست میں ایک روشن مثال ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ "پاکستان کھپے” کا نعرہ دراصل صدر زرداری کے حوصلے، سیاسی شعور اور عوامی وابستگی کا مظہر ہے، جو قومی وحدت اور صبر کی علامت بن چکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی مفاہمتی سیاست نے قومی سیاست میں توازن پیدا کیا اور تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت کو جنم دیا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں صدر آصف علی زرداری جیسے مدبر، صابر اور بردبار رہنما کی رہنمائی حاصل ہے، جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی بقا، جمہوریت کی بحالی اور عوامی فلاح کو ترجیح دی۔
آخر میں وزیرِاعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صدر آصف علی زرداری کو صحت، درازی عمر اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ قوم کی خدمت کا سفر اسی عزم و حوصلے سے جاری رکھ سکیں۔