کراچی, (رپورٹ ذیشان حسین) گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے سکھر ایکسپریس کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سکھر ایکسپریس کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے اور یہ ٹرین 22 سے زائد اسٹیشنز کو کور کرتی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث وہ سکھر نہیں جا سکے، تاہم انہوں نے اس منصوبے پر وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے شعبے میں نمایاں بہتری اور جدید ترقی دیکھنے میں آرہی ہے۔
انہوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت کافی عرصے سے اس کا بوجھ خود برداشت کر رہی تھی اور عوام پر مکمل بوجھ منتقل نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے مشکل حالات میں زیادہ بوجھ خود اٹھایا ہے اور تمام صوبوں نے حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ فیصلے کیے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود موٹر سائیکل سواروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ریلیف فراہم کیا ہے، جبکہ اگر تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت 600 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود سڑکوں اور شاہراہوں پر معمولات زندگی برقرار ہیں۔
وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے، جن میں گاڑیوں کے استعمال میں کمی، پیٹرول کے استعمال میں 50 فیصد تک کمی اور تنخواہوں میں کٹوتی شامل ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر جنگ کی صورتحال برقرار رہی تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں اور اس کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے حق میں مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے۔