کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین / اسپورٹس رپورٹر) حکومت سندھ نے 19ویں سندھ گیمز 16 سے 19 اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ اس فیصلے کی منظوری وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت اور اصغر بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد، انتظامی تیاریوں اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیکریٹری کھیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 19ویں سندھ گیمز میں 40 سے زائد کھیل شامل ہوں گے، جن میں صوبے بھر سے گرلز اور بوائز کھلاڑی شرکت کریں گے۔ وزیر کھیل نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور مقابلے مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے فوراً بعد ڈویژنل سطح پر ٹرائلز 24 سے 29 مارچ تک منعقد کیے جائیں گے، جبکہ منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 11 سے 15 اپریل تک جاری رہے گا۔ سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب 16 اپریل اور اختتامی تقریب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔
وزیر کھیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل گیمز کی طرز پر 19ویں سندھ گیمز کو بھی شاندار اور کامیاب بنایا جائے گا تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے۔