کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور چیئرمین گورننگ باڈی سندھ ورکر ویلفیئر بورڈ سعید غنی نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی مصلحت پسندی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وہ منگل کے روز ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 35ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سعید صالح جمانی، ڈائریکٹر جنرل شہلا کاشف سمیت گورننگ باڈی کے ارکان اور فنانس و ریونیو بورڈ کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں مزدوروں کے لیے ڈیتھ گرانٹ کی رقم 7 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے جبکہ شادی گرانٹ 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ بورڈ کے تمام امور کی شفاف نگرانی کے لیے سینٹرلائزڈ کمیٹیوں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں شروع کیے گئے بعض متنازع منصوبوں کو واپس لینے اور ان کی صاف و شفاف تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وہ مزدوروں اور ادارے کے مفاد کے منافی تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مزدوروں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ میں پبلک ریلیشن آفیسر کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔
سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعید غنی کی قیادت میں محکمہ محنت اور ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات میں مزید تیزی آئے گی۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی پی کا منشور مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر مبنی ہے اور حکومت سندھ کی واضح ہدایات ہیں کہ مزدوروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے ساتھ ساتھ ایمپلائرز کے مفادات کو بھی مدنظر رکھے گی، تاہم مزدوروں کے حقوق کے خلاف کسی بھی اقدام کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔