کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر نے محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے تعمیر کیے گئے مخدوم بلاول اسپورٹس کمپلیکس کورنگی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، چیف انجینئر محمد اسلم مہر، شکیل احمد، فرید علی، مختلف ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز، سیکریٹری امتیاز شاہ اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کورنگی کے عوام کے لیے 154 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا یہ اسپورٹس کمپلیکس سندھ حکومت کی طرف سے ایک اہم تحفہ ہے۔ کمپلیکس میں شہریوں کے لیے ٹیبل ٹینس، اسنوکر، بیڈمنٹن، فٹسال، جم، سینتھیٹک جوگنگ ٹریک سمیت انڈور و آؤٹ ڈور کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وزیر کھیل نے مزید کہا کہ ’’حکومت عوام کے لیے سہولیات فراہم کرتی ہے، لیکن ان سہولیات کو برقرار رکھنا اور انہیں فعال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ یہ کمپلیکس صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ نوجوانوں کی صحت، توانائی اور ترقی کا مرکز ہے۔‘‘
انہوں نے محکمہ کھیل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید منصوبے بھی زیر غور ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔