کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سندھ کے محکمۂ تعلیم نے شدید سردی کی لہر کے باعث صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے اوقاتِ کار میں عارضی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول اب صبح 9 بجے کھلیں گے جبکہ چھٹی کے اوقات برقرار رہیں گے۔ یہ فیصلہ وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق پیر 12 جنوری سے 26 جنوری تک ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے سرد موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق عوامی سروے میں 87 فیصد افراد نے تعطیلات بڑھانے کی حمایت کی، جبکہ 13 فیصد افراد اسکول دوبارہ کھولنے کے حق میں تھے۔ ادھر کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے اور پاکستان محکمۂ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجۂ حرارت 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں موسمِ سرما کی سب سے کم سطح ہے۔