کراچی، (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے حب ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوان کراچی کے علاقے قصبہ کالونی کے رہائشی تھے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
علی خورشیدی نے اس واقعے کو پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حب ندی کا سانحہ سندھ حکومت کی نااہلی اور غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں حکومت کی ناکامی ایک منہ بولتا ثبوت ہے، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔