دبئی/ کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے شاندار کارکردگی دکھا کر ٹیم کو فتح دلائی اور بھارت کے خلاف فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
135 رنز کے ہدف کے دفاع میں شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں اور 13 گیندوں پر 19 قیمتی رنز بنائے، جبکہ حارث رؤف نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں فاسٹ بولرز نے مجموعی طور پر آٹھ اوورز میں 50 رنز کے عوض چھ شکار کیے۔ شاہین نے ابتدائی اوورز میں ہی دو اہم بلے باز آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو دباؤ میں ڈال دیا جبکہ حارث نے پاور پلے کے اختتام تک تیسری کامیابی دلا دی۔
بعد ازاں سائم ایوب اور محمد نواز نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ سائم نے دو وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ نواز نے تین کیچز پکڑ کر ٹیم کی فتح میں بھرپور حصہ ڈالا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شميم حسین 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 124 رنز ہی بنا سکی۔
اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف پانچ رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ مشکل صورتحال میں محمد حارث (31)، محمد نواز (25) اور شاہین آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کو 135 رنز تک پہنچایا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے۔