دبئی، (ویب اسپورٹس) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باضابطہ ردعمل جاری کر دیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس نے حکومتِ پاکستان کے اس مؤقف کا نوٹس لے لیا ہے جس کے تحت قومی ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق وہ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، تاہم ابتدائی طور پر یہ مؤقف عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا، جہاں تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق مساوی بنیادوں پر مقابلہ کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر استوار ہوتے ہیں۔ اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم اس نوعیت کے فیصلے نہ صرف عالمی کرکٹ بلکہ دنیا بھر کے شائقین، خصوصاً پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے مفاد کے خلاف ہیں۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔