کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت دی ہے کہ بارش سے متاثرہ کراچی کی اندرونی سڑکوں کی فوری مرمت و تعمیرِ نو کی جائے اور ایسا نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کیا جائے جو مستقبل میں سڑکوں کو نقصان سے بچا سکے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران ناقص نکاسی آب کے باعث شہر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت دی کہ محکمہ بلدیات کی نگرانی میں سڑکوں کی بحالی کے منصوبے تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی منصوبہ نکاسی آب کے نظام کے بغیر منظور نہیں ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کے ایم سی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا سروے جاری ہے جبکہ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ٹاؤن سطح پر بھی سروے کیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کو منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں صفائی کے کاموں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر صفائی ستھرائی اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر ہی شہری نقل و حرکت، معاشی سرگرمیوں اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہیں۔