کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ کے زیر اہتمام جامعہ میں مبینہ لاقانونیت، اساتذہ کی برطرفیوں، ہاؤس سیلنگ، میڈیکل الاؤنس کی بندش اور بلاجواز کٹوتیوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جامعہ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے صدرِ پاکستان اور چانسلر جامعہ آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ یونیورسٹی میں فوری تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے وائس چانسلر کے مبینہ غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں۔
احتجاجی مظاہرے اور اجلاس میں ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور دانشوروں نے بھی شرکت کی اور اساتذہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید جعفر احمد، محمود شام، ڈاکٹر انیس زیدی اور پروفیسر شاہد کمال نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اردو یونیورسٹی کے بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے مسائل فوری حل کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
مظاہرے کی قیادت انجمن اساتذہ کے صدر ڈاکٹر روشن سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر دشتی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی، نائب جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز اور خازن خرم شاہ نواز نے کی۔ احتجاج میں عبدالحق کیمپس کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔