کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کو سندھ حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ ہماری بہن بیٹیاں بجلی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بچ سکیں۔ وہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین ناظم آباد میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔۔ اس موقع پر چانسلر وجیہ الدین ا احمد، وائا چانسلر ڈاکٹر نعیم الرحمن، سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد ، اسپورٹس آفیسر ڈسٹرکٹ سینٹرل حاجرہ نواب ، اساتذہ کرام اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے ۔ ہمیں ایسے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور مظلوم فلسطین عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہم سب کو اپنے حصہ کا کام کرکے ملک کو ترقی دینی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ ہماری بہن بیٹیاں بجلی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بچ سکیں۔ اس سے پہلے تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ طالبات نے پاکستان کی کہانی پر مبنی خاکہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر طالبات میں مہمانوں میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔