اپر چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) ضلع اپر چترال میں قاقلشٹ کے برف پوش وسیع میدان میں دو روزہ سرمائی کھیلوں کا ٹورنمنٹ کا آغاز کردیا گیا۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام اور وزیر اعلی خیبر پحتونخوا کے اقلیتی امور پر معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش نے فیتہ کاٹ کر اس ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ دو روزہ ونٹر اسپورٹس ٹورنامنٹ میں سنو سکینگ، سنو بورڈنگ اور پیرا گلائڈنگ کے مقابلے ہو رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے آنے والی چند خواتین نے بتایا کہ موسم سرما میں جہاں لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہتے ہیں تو اس قسم کے کھیل ان کو اس بوریت سے نکال کر تازہ دم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے بھی اس قسم کے ٹورنامنٹ کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ ان کو بھی چند لمحوں کیلئے محظوظ ہونے کے مواقع ملے۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے بتایا کہ یہاں کی انتظامیہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں پر خلوص ہے اور صوبائی و وفاقی حکومت دونوں چترال میں ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے لگا رہے ہیں۔ معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت سرمائی سیاحت کو فروغ دینے سے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کا ویژن ہے کہ سیاحت کو ترقی دیکر ملک کو ترقی دیں۔ پیرا گلائیڈ کے ایک پائلٹ جو صوبیدار ریٹائرڈ ہیں نے کہا کہ چترال پیراگلائڈنگ کیلئے نہایت موزوں جگہ ہے اور ہم کئی سالوں سے اس فن کو بغیر کسی حکومتی امداد کے زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق لوئیر چترال کے وادی مڈگلشت سے ہیں جن میں کم عمر بچے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سنو سکینگ کے کھیل میں سب سے دلچسپ پہلو وہ تھا جب ایک شکاری پالتو کتا اپنے مالک کے ساتھ ساتھ بیک وقت برف کے میدان پر دوڑتا تھا جب وہ برف پر سکینگ کر رہا تھا۔ ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے ضلع لوئیر چترال کے ڈپٹی کمشنر انوار لحق اور دیگر مہمانان بھی موجود تھے۔ ونٹر اسپورٹس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ نے کیا ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے ضلع اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر منظور احمد آفریدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان، اسسٹنٹ کمشنر شاہ عدنان، اے ڈی لوکل گورنمنٹ مصباح الدین اورانتظامیہ کی پوری نیٹ ورک دن رات محنت کرتے ہیں۔ جبکہ چترال پولیس نے ڈی ایس پی محی الدین کی نگرانی میں پولیس فورس اور ایلیٹ فورس نے تمام جگہ کی تلاشی لیکر اس کی سیکورٹی کو یقنی بنایا۔