کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ جہاں ظلم و ناانصافی، وہاں ”ٹیم عافیہ“ مظلوموں کی مدد کیلئے فی الفور متحرک نظر آتی ہے۔ ٹیم عافیہ نے دنیا کو یہ دکھایا ہے کہ انسانیت ابھی بھی باقی ہے۔ انہوں نے ”ٹیم عافیہ، پاکستان“ کے دوسرے یوم تاسیس کے موقع پر سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے متحرک ٹیم کے منتظمین اور اراکین کو مبارکباد دی اور کہا کہ الحمدللہ ہماری نوجوان نسل جاگ اٹھی ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ مستقبل آپ کا ہوگا اور ہر شعبے کی لیڈرشپ آپ کی پیروی کرے گی۔ ٹیم عافیہ سوشل میڈیا پر موثر آواز بن چکی ہے۔ عافیہ اب ہر ٹاپ ٹرینڈ کا حصہ بن چکی ہے۔ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے منتظمین و اراکین جن میں سیالکوٹ سے ٹیم ہیڈ ملک محسن اعوان، شکر گڑھ سے کو ہیڈ محمد سلیمان اکبر، راولپنڈی سے ٹیم ایڈوائزر منصور الحق، سرگودھا سے ہیڈ ویمن ونگ عائشہ برہان، خیبرپختونخوا سے امل فاطمہ، مینجمنٹ باڈی کے دیگر ممبران بہاولپور سے وحید علی، راولپنڈی سے نفیس خالد اعوان، پھالیہ سے غازی حق نواز، کراچی سے کامران نواز، آزاد کشمیر سے سردار نزاکت اور بہاولپور سے عبدالباسط نے ڈاکٹر فوزیہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی اورڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے ٹیم عافیہ کے ذمہ داران کو فری عافیہ شال، سندھ کی سوغات اجرک اور ڈاکٹر عافیہ کے کیس کی فائل تحفہ کے طور پر پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ الحمدللہ ملک میں ایسے نوجوان بچے اور بچیاں موجود ہیں جو انسانیت کو ظالموں کے ہاتھوں تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں ہماری یہ تحریک اتنی مضبوط ہوگی کہ ارباب اقتدار مظلوموں کی داد رسی پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو الٹا پہیہ گھمانا ہوگا کیونکہ جب عوام قیادت کرتے ہیں تو قائدین کو پیروی کرنی پڑتی ہے۔ اب یہ تحریک صرف عافیہ کی رہائی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ملک بھر میں ہماری بچیوں، بہنوں اور خواتین پر جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اسے ہم سب مل کر ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ٹیم عافیہ اور ملک بھر کے عوام کی جدوجہد رنگ لائے گی اور ہم سب مل قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہیں گے۔