Home/اہم خبریں/متحدہ علماء محاذ کا استقبال محرم مذہبی ہم آہنگی سیمینار، اسلام باہمی اخوت و محبت، رواداری ، صبر و تحمل، احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ مقررین سیمینار
متحدہ علماء محاذ کا استقبال محرم مذہبی ہم آہنگی سیمینار، اسلام باہمی اخوت و محبت، رواداری ، صبر و تحمل، احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ مقررین سیمینار
کراچی (نوپ نیوز) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولانا محمدا مین انصاری کی دعوت پر مرکزی سینئر وائس چیئرمین سید علی حسین نقوی کی زیر صدارت 18 واں سالانہ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی و استقبال محرم سیمینار میں شریک مہمانان خصوصی محاذ کے سرپرست مولانا انتظارالحق تھانوی، کراچی کے صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ مسیحی، ہندو، سکھ برادری کے رہنماؤں و ممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام استعمار، ظلم و جبر کے خلاف وحدت و بیداری کا پیغام دیتا ہے۔ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی سرزمین پاکستان اور عالمی امن و استحکام کیلئے ضروری ہے۔ شدت پسند رجحانات کیخلاف ہم آہنگی پیدا کریں گے، ہم کراچی میں کسی صورت بھی فرقہ وارانہ سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ اسلام باہمی اخوت و محبت، رواداری، صبر و تحمل، احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔
پاکستان میں آباد تمام محب وطن، قانون پسند مسالک و مذاہب کے ماننے والے باہم شیر وشکر اور ایک دوسرے کی غمی و خوشی میں شریک رہتے ہیں۔ ہر قسم کی منافرت و عصبیت پھیلانے والوں کا ہر سطح پر محاسبہ کیاجائے گا۔ ملکی امن و استحکام پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ سید علی حسین نقوی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ دین کو سیاست سے جدا کر دیا گیاہے موجودہ سرزمین پاکستان کے عدم استحکام کی وجہ فرنگی سیاست ہے، پاکستان کی خارجہ و داخلہ پالیسی میں حق و سچ کا عنصر ہونا چاہئے مدینہ کی ریاست کا تصور فلاحی ریاست ہے، جہاں کوئی غریب بھوکا نہ سوئے، مسالک کے درمیان ایک نفرت واختلاف پیدا کیا گیا ہے ان کو ختم کیا جائے اور محبتوں کو پروان چڑھایا جائے۔ اعتدال پسند، صلح جو علماء مشائخ کو ان ایوانوں میں لازمی ہونا چاہئے جہاں قانون بنائے جاتے ہیں اور ملک و قوم کی تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں۔
سیمینار سے امیر جماعت اہل سنت پاکستان سفیر امن و اتحاد ڈاکٹر مفتی شاہ محمد یوسف حفیظ محمدی سیفی، جعفریہ الائنس پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید شبر رضا رضوی، سندھ علماء ذاکرین فیڈریشن کے سربراہ علامہ سید سجاد شبیر رضوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صابر ابومریم، پاکستان بشپ کونسل کے مرکزی چیئرمین بشپ خادم بھٹو، فیتھ پریئر منسٹری کے چیئرمین پاسٹر امجد فاروق، ہندو مذہبی اسکالر پروفیسر منوج چوہان، ساجن ہیومینٹی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی چیئرمین ساجن جمن دھنوال، خاکسار تحریک کے مرکزی نائب امیر حکیم سید علی نصرعسکری، جمعیت علمائے اسلام س کے مرکزی رہنما خواجہ احمد الرحمن یار خان، امن کونسل سندھ کے صدر خطیب دیوبند مولانا عبدالماجد فاروقی، خطیب پاکستان مولانا احتشام الحق تھانوی مرحوم کے پوتے مولانا حافظ منظرالحق تھانوی، اتحاد امت مشن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، ایم یو ایم کے مرکزی وائس چیئرمین سید محمد خرم شاہ جیلانی، کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شمیل احمد قادری حنبلی، جمعیت اتحاد العلماء کے رہنما علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، ممتاز مذہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر مفتی فضل ہمدرد، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے نائب امیر علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مجلس امامیہ ذاکرین پاکستان کے صدر علامہ نثار احمد قلندری، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ علی سرکار نقوی، تحفظ حقوق الصراف کے چیئرمین فہیم الدین انصاری، علامہ شیخ سکندر حسین نوربخشی، پیپلز پارٹی علماء ونگ کے رہنما مفتی وجیہہ الدین، خاکسار تحریک کے محمد ارشد ، پاک سرزمین پارٹی کے مولانا علی المرتضیٰ، جامعہ بنوری ٹاؤن کے مفتی اسدالحق چترالی، مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کے منتظم مولانا حافظ عبدالمجید، امین الملت خواجہ امین نظامی کے نمائندے محمد بلال احمد خان و دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ سید محمد عاصم بخاری، شاہ توصیف حسین محمدی، سماجی و تاجر رہنما نارتھ محمد عتیق، سواد اعظم اہلسنت یوتھ فورس کراچی کے صدر مولانا حافظ گل نواز بٹگرامی نے شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز حافظ عبدالمجید کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ معروف نعت و منقبت خواں قاری حسین الدین شاہ رحمانی نے فاروق اعظ، شہید کربلا سیدنا امام حسین کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سیمینار میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی یوم القدس جوش و جذبے کیساتھ منانے کا اعلان کیا گیا۔ سیمینار میں محرم میں قیام امن کیلئے 12 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جو قانون نافذ کرنے والے رینجرز، پولیس، کراچی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ و تعاون کریگی۔ مولانا انتظارالحق تھانوی نے ملکی امن و استحکام، فلسطین و کشمیرکی آزادی و فتح یابی اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔