ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سردار پارس ڈیرو منصب سنبھالنے کے بعد پہلے بار اپنے آبائی شہر ٹنڈو آدم پہنچے، ضلع جامشورو، حیدرآباد، مٹیاری اور سانگھڑ میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھول نچھاور کئے. سردار پارس ڈیرو کا ٹول پلازہ جامشورو، بائی پاس حیدرآباد، ایوب ہوٹل، میانی فاریسٹ، مٹیاری، سیکاٹ، خیبر، ٹوڑھا گاؤں، اڈیرو لال، راہو شاخ اور ٹنڈوآدم کے مختلف مقامات پر قائم کردہ استقبالیہ کیمپس پر ہزاروں افراد نے شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار پارس ڈیرو نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر جو اعتماد کیا ہے ان کی کوشش ہوگی کہ اس اعتماد پر پورا اترے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور خدمت کے منشور پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہم ضلع سانگھڑ سمیت صوبے بھر کے عوام کی خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عوام پاکستان پیپلز پارٹی سے محبت کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے ایوانوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے. انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپی ہے اور وہ عوامی خدمت کے منشور پر دل و جان سے کام کریں گے. انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ہر دکھ سکھ میں ساتھ ہوتی ہے اور گزشتہ سالوں میں سندھ بھر میں جو ترقی ہوئی ہے ایسی تاریخ میں کبھی بھی نہیں ہوئی. انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سندھ میں اچھی سفری سہولیات، صحت کی سہولیات اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں جس سے صوبے میں خوشحالی آئی ہے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا. اس موقع پر سابق سینیٹر فدا حسین ڈیرو، ایم این اے نوید ڈیرو، ایم پی اے فراز ڈیرو، شاہد خان تھہیم، جام شبیر خان، پیپلز پارٹی کے رہنما علی حسن ہنگورجو، خادم رند، شکیل میری، زبیر امام، اورنگزیب مری، ذوالفقار روشن اور دیگر بھی موجود تھے۔