کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بلدیہ ہاکی چیمپینز ٹرافی کے مزید دو میچز کے فیصلے ہوگئے، یوتھ ہاکی کلب بلو نے بلدیہ ہاکی کلب کو باآسانی ایک کے مقابلے میں 10 گول جبکہ یوتھ ہاکی کلب اورنگی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کورنگی ٹائیگرز کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دیدی، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جاری کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کے اسٹروٹرف پر چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں یوتھ ہاکی کلب بلو نے بلدیہ ہاکی کلب کو گولز کے انبار تلے دبا دیا، فاتح ٹیم کی جانب سے حماد ایاز، حارث نصیر نے تین تین، شاہ زیب خان نے دو جبکہ عالیان سلیم اور سلطان محمود نے ایک ایک گول اسکور کئے، دس گول کے خسارے میں انے کے باعث بلدیہ ہاکی کلب مکمل طور پر بے بس ہوگئی، شکست خوردہ ٹیم کے بلاول نیازی نے اپنی ٹیم کی جانب سے واحد گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔
یوتھ ہاکی کلب اورنگی اور کورنگی ٹائیگرز کلب کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا اور مجموعی طور پر ایونٹ کا چوتھا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، یوتھ ہاکی کلب اورنگی نے کھیل کے 35 ویں منٹ میں اپنے فارورڈ وسیم عالم کے گول کے باعث ایک گول کی برتری حاصل کرلی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس دوران کورنگی ٹائیگرز نے مخالف کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے تاہم گیند کو جال میں پھیکنے میں ناکام رہے۔