کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پہلی قومی ویمنز فائف اے سائٹ ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے کراچی میں ہونے والے ٹرائلز 30 اگست کے بجائے 29 اگست کو ہونگے تاہم سکھر کے ٹرائلز شیڈول کے مطابق 28 اگست کو ہونگے، قومی ویمنز چیمپئن شپ 7 ستمبر سے 10 ستمبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جنرل منیجر برائے خواتین ونگ و صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے کراچی میں ٹرائلز کی تاریخ کی تبدیلی کا اعلان عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے باعث کیا،
جی ایم ویمنز ہاکی ونگ پی ایچ ایف نے صوبائی ایڈوائزری بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کا بھی اعلان کردیا ہے۔ سیدہ شہلا رضا کے مطابق وزیر اعلی سندھ کی اسپیشل اسسٹنٹ اروبا ربانی، اولمپئنز اصلاح الدین، سمیع اللہ، حنیف خان، رمضان جمالی اور ناہید فاطمہ پر مشتمل ایڈوائزری بورڈ سیدہ شہلا رضا کی سربراہی میں اپنے فرائض انجام دے گا، جی ایم ویمنز ہاکی ونگ پاکستان نے تمام ڈویژن کو شیڈول کے مطابق دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو پیپلز اسٹیڈیم سکھر اور عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم بھیجنے کی بھی ہدایت کی ہے، ویمنز ہاکی ونگ سندھ کے علامیہ کے مطابق 28 اگست کو سکھر، لاڑکانہ اور بے نظیر آباد (نواب شاہ) ڈویژن کے کھلاڑی صبح 11 بجے پیپلز اسٹیڈیم سکھر میں سلیکشن کمیٹی کو جبکہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے کھلاڑی 29 اگست کو دوپہر 2 بجے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں سلیکشن کمیٹی کو رپورٹ کریں گے،
سکھر کے لئے غلام مرتضیٰ دھوڑ کی سربراہی میں عبید اللہ بھٹو انٹرنیشنل، رضوان چاچڑ، صنم یوسف اور حمیرا چنا پر مشتمل سلیکشن کمیٹی، کراچی میں اولمپیئن ناصر علی کی سربراہی میں سمیرا نسیم، کشمالہ بتول، شاہین فاطمہ اور سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر نعیم احمد پر مشتمل سلیکشن کمیٹی ٹرائلز لیں گے۔ واضع رہے انٹرنیشنل پلیئر مائیکل دبئی میں جاری لیگ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہونگے جس کے باعث عبید اللہ بھٹو انٹرنیشنل سکھر میں ہونے ٹرائلز میں سیلیکشن کمیٹی ممبر ہونگے۔