Home/اہم خبریں/سندھ کے وسائل پر حکمرانوں کا قبضہ، عوام بنیادی سہولیات سے محروم، عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکل چکے۔ محمد اسلم غوری مرکزی ترجمان جے یو آئی
سندھ کے وسائل پر حکمرانوں کا قبضہ، عوام بنیادی سہولیات سے محروم، عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکل چکے۔ محمد اسلم غوری مرکزی ترجمان جے یو آئی
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی سمیت سندھ بھر میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، بجلی کی آنکھ مچولی نےعوام کا جینا دوبھرکردیا ہے جبکہ سندھ حکومت خواب خرگوش سو رہی ہے۔ صوبائی حکومت وفاق سے ساز باز کرکے عیاشیوں میں مصروف ہے، سندھ کے وسائل پر حکمرانوں کا قبضہ جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکل چکے ہیں، وقف املاک بل کو مساجد کی حریت کیخلاف سازش ہے مسترد کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا عبدالرشید نعمانی، قاری نورالامین، فارق سید حسن زئی، مولانا فخرالدین رازی، مفتی علیم الحق فاروقی، مولانا اجمل شیرازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جمعرات 18 جون کو جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوئے، کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری و دیگر نے کہا کہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے سندھ کے لاکھوں ایکڑ کی اراضی کو کوڑیوں کے دام فروخت کیا جارہا ہے، عوام کو زبردستی اپنے زرعی و آبائی زمینوں سے محروم کیا جارہا ہے، سندھ میں صوبائی حکومت کے زیر اثر وڈیرے من چاہے داموں پر پانی فروخت کرنے میں ملوث ہیں، جس سے مستقبل میں غذائی اجناس کی قلت کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے لئے پانی گوہر نایاب بن چکا ہے جو طلب کرنے پر بھی نہیں مل رہا، بجلی نے عوام کی زندگی دوبھر کردی ہے، یومیہ 22 ، 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے کاروباری سرگرمیوں کو یکسر مفلوج کردیا ہے۔ اوربلنگ کے نام پر لوٹ مار کے الیکٹرک کا وطیرہ بن چکا ہے، شہریوں کے مسائل کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی جبکہ صوبائی حکومت خیالی دعوے کرکے دوبارہ سو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بااثر لوگوں کی سرپرستی میں پانی مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے، ہم سندھ کے عوام کے ساتھ مزید زیادتیاں برداشت نہیں کریں گے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، جمعیۃ علماء اسلام اب جرات کیساتھ حکومت سے ساتھ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائدین کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی سرپرستی میں فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ لادین اور مذہب بیزار حکمرانوں کیخلاف جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے، سندھ پبلک سروس کمیشن پر عدالتی فیصلہ سندھ حکومت کیلئے نوشتہ دیوار اور شرم کی بات ہے، صوبے میں پانی قلت سے فصلوں کی تباہی ہو رہی ہے، محکمہ آب پاشی وفاقی حکومت اور پی پی وڈیرہ شاہی کے کنٹرول میں ہے، کسانوں سے رشوت لیکر بااثر وڈیرے پانی کی فروخت میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیخلاف نبرد آزما مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں عوامی تحریک جاری رہے گی۔ پیپلز پارٹی کمیشن مافیا کا روپ اختیار کر چکی ہے جے یو آئی پیپلز پارٹی کے بھونڈے اقدامات کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرے گی۔