کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق شہدائے آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے نمائشی ہاکی میچ کل بروز جمعرات 16 دسمبر کی شام 6:30 بجے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین کا کہنا ہے کہ شہدائے اے پی ایس الیون اور ٹاپ سٹی الیون کے درمیان نمائشی میچ کا مقصد قومی کھیل کے ذریعے قوم کے معصوم شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، شہدائے پی ایس الیون کی ٹیم کراچی کے کھلاڑیوں جبکہ ٹاپ سٹی الیون کی ٹیم سندھ کے دیگر شہروں سے یوم جناح آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کی مختلف ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، معصوم شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شائقین ہاکی سے بڑی تعداد میں کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس آنے کی درخواست ہے۔