کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آن لائن خریداروں میں غیر معمولی مقبولیت کے پیش نظر پاکستان میں ای کامرس کے سب سے بڑے پلیٹ فارم دراز نے حال ہی میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے حقوق بھی حاصل کرلیے ہیں جس کی حالیہ مدت دو سال کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ اس شراکتی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب دراز کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جہاں دونوں اداروں کے اشتراک سے پی ایس ایل کی ٹرافی کا دورہ بھی کرایا گیا۔ جوش و خروش سے بھرپور اس تقریب میں دراز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر، احسن سایا اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، سلمان نصیر خصوصی مہمان تھے جن کے ہمراہ پی سی بی کی پی ایس ایل ٹیم اور دراز گروپ کے ہیڈ آف اسپورٹس اسٹریٹجی، مارکیٹنگ اینڈ انٹرٹینمنٹ، ولی خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، سلمان نصیر نے کہا کہ ہمیں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے لیے لائیو اسٹریمنگ پارٹنرز کے طور پردراز کو آن بورڈ لینے پر بے حد خوشی ہے۔ دراز نے اس سے پہلے بھی بین الاقوامی کرکٹ کے لیے پی سی بی کے ساتھ شراکت کی تھی اور اب ان کی جانب سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے سپورٹ، دراز کی اس ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا واضح اظہار کرتی ہے۔ جس میں، ہر گزرتے سیزن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہوگا اور ناقابل تسخیر ہوتا رہے گا۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ ”مجھے یقین ہے کہ یہ شراکت پھلے پھولے گی جبکہ دراز، ایچ بی ایل پی ایس ایل برانڈ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے ذریعے اپنے ویژن کو مزید آگے بڑھائے گا اور اس شراکت کے ذریعے پی سی بی کو حاصل ہونے والے محاصل کی دوبارہ کرکٹ میں سرمایہ کاری کی جائے گی اور ہم اس قابل ہوں گے کہ زیادہ سے زیادہ میچ جتوانے والے کھلاڑی تیار کرسکیں۔ اس طرح پاکستان کرکٹ کھیلنے والی سب سے بہترین قوموں میں سے ایک قوم بن سکے گی۔“ اس تعاون کے اسٹیک ہولڈرز اسپورٹس کو ایک ایسی تحریک بنانے پر یقین رکھتے ہیں جو پاکستان کے تمام صارفین کو متحد کرسکے۔ لہٰذا، وہ مستقبل میں بھی کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کی بلا قیمت لائیو اسٹریمنگ پیش کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ دراز گروپ کے ہیڈ آف اسپورٹس اسٹریٹجی، مارکیٹنگ اینڈ انٹرٹینمنٹ، ولی خان نے کہا کہ ”دراز اور پی سی بی کے درمیان یہ شراکت، جس میں دراز پی ایس ایل کا آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر ہے، دراز کے لیے ایک زبردست موقع پیش کرتی ہے کہ وہ پاکستان کے ہر کونے میں اسپورٹس اور تفریح کی پہنچ یقینی بنا سکے۔ آپ دراز پر اپنی پسندیدہ پروڈکٹس خریدتے ہیں اور تفریح میں مشغول ہوتے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہم اپنے کسٹمرز کو پی ایس ایل کے دوران ایک شاندار ویورشپ فراہم کرنے میں کامیاب رہیں گے۔“
گزشتہ برس، دراز نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی خصوصی لائیو اسٹریمنگ کی تھی اور 300 ملین سے زائد آن لائن ویورز کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا جو ادارے کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوا کیوں کہ ”ڈیجیٹلائزیشن“ اس انقلابی پلیٹ فارم کا بنیادی مشن ہے۔ یہ پاکستان میں انتہائی جدید ٹیکنالوجیکل انفرااسٹرکچر تعمیر کر رہا ہے تاکہ ملک کی ای کامرس انڈسٹری کی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔ اس سال، دراز نے ملک کے انتہائی دلچسپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی لائیو اسٹریمنگ کے لیے سب سے زیادہ (گزشتہ برس کی بولی سے 175 فیصد زیادہ) بولی دی تھی۔ اس کا مقصد استعمال کرنے والوں کو شاپرٹینمنٹ کا انتہائی قیمتی تجربہ فراہم کرنا تھا۔