کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) معروف بزنس مین و سماجی شخصیت شیخ امتیاز حسین صدر امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کو 23-2022 کے لئے روٹری انٹرنیشنل کا اسسٹنٹ گورنر نامزد کر دیا گیا ہے۔ روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے شیخ امتیاز حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل دنیا کا سب سے فعال سماجی ادارہ ہے جس کے پلیٹ فارم سے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی کے دو بڑے مسائل ہیں جن میں ایک کورونا وبا اور دوسرا ماحولیاتی آلودگی سے بچنا ہے انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شجرکاری مہم شروع کی ہوئی ہے شہریوں کو چاہئے کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوسکے ماحولیاتی آلودگی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون نے جہاں سب سے زیادہ یورپ اور امریکہ کو متاثر کیا ہے وہیں اس کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے جا رہے ہیں جس سے محفوظ رہنے کے لئے میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ اس سے ہونے والے نقصانات پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں اور اس کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہونے کے قریب ہے اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل 3271 کے ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر آفتاب امام کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹری کا مشن تعلیم کو عام کرنا صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔