تازہ ترین
Home / اہم خبریں / پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی جان نکالنے کے مترادف ہے۔ خلیل احمد تھند وائس چیئرمین پی ڈی پی

پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی جان نکالنے کے مترادف ہے۔ خلیل احمد تھند وائس چیئرمین پی ڈی پی

کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کے لیے مسیحا کے بجائے عزرائیل ثابت ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال میں عوام کو جھولیاں بھر بھر کے مہنگائی کے تحفے دئیے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی جان نکالنے کے مترادف ہے۔ وزارت خزانہ اور اوگرا ملکی مفادات کے برخلاف آئی ایم ایف کو فالو کرر ہے ہیں۔ عوام کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں اور وزیر اعظم اپنے وزراء کو شاندار کارکردگی پر تعریفی اسناد دے رہے ہیں۔ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اگر ترقی ہے تو عوام کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔ ملکی تاریخ میں کبھی اس تواتر سے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ حکومت قیمتوں میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کررہی اور اپوزیشن عوام کی نمائندگی کرنے کی بجائے اقتدار کے لیے در بدر بھٹک رہی ہے۔ عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا تشویشناک ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافہ ناقابل قبول ہے۔ قائم مقام صدر کاٹی ماہین سلمان
https://www.nopnewstv.com/increase-in-petroleum-products

عوام مہنگائی اور ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں اور پارلیمانی سیاسی جماعتیں اقتدار کی میوزیکل چیئر کا کھیل، کھیل رہے ہیں۔ حکومت شوق سے اپنی مدت پوری کرے لیکن عوام کو مہنگائی کا عذاب دینے سے گریز کرے۔ پاسبان عوام کی ترجمان کے لئے میدان میں اتری ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر زبردست اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے مزید کہا کہ ایک بار پھرپیٹرول بم گرائے جانے کے فیصلے سے عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ کیا وزیر اعظم محض ایک ربر اسٹیمپ ہیں؟ وزیر اعظم، عوام کا منتخب نمائندہ قیمتوں میں اضافہ کی سمری نظر ثانی کے لئے وزارت خزانہ کو بھیجتا ہے اور وزارت خزانہ منہ زور بیل کی مانند وزیر اعظم کی نظر ثانی کی بات کو کوئی اہمیت ہی نہیں دیتی۔ مہنگائی روح قبض کر رہی ہے، پارلیمینٹرینز درد کا علاج کرنے کی بجائے عوام کے ٹیکسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔

عوام آئندہ الیکشن میں انہیں سبق سکھا کر حساب برابر کردیں۔مشکلات کا شکار کرنے والے اور مشکل وقت میں تنہا چھوڑنے والے دونوں مفاد پرست ہیں عوام دوست اور دشمن کی پہچان کریں۔ حکومت بتائے، کیا دنیا کے کسی اور ملک میں بھی قیمتوں میں اس طرح اضافہ ہوتا ہے؟ لاقانونیت بڑھی، رشوت کے ریٹ بڑھے، کرپشن کی شرح میں اضافہ ہوا اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ مہنگائی کی وجہ سے بچوں کے تعلیمی ادارے چھوڑنے کی شرح میں میں بھی ا ضافہ ہوا۔ معلوم نہیں حکومت کس کارنامے پر فخر کر رہی ہے۔

ہماری عدالتیں مزدور کی تنخواہیں پچیس ہزار کی بجائے انیس ہزار طے کر رہی ہیں، کیا قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے؟ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عام شہریوں کے لئے شدید مشکلات کا باعث ہوگا۔ بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر ضروریات زندگی کی ان تمام اشیاء پر پڑتا ہے جو عام آدمی کی روزمرہ کے استعمال میں ہوتی ہیں۔ فیول پرائس میں اضافہ ہر چیز میں اضافے کی باعث بنتا ہے۔ اس کا اثر بھی صرف عام شہریوں پر پڑتا ہے، لہذا حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے