کراچی (نوپ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی قائم مقام صدر ماہین سلمان نے حکومت کی جانب سے گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 12 روپے فی لیٹر سے زائد اضافہ کو ناقابل قبول قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پیٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح سے تجاوز کرکے 160 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی پیٹرول کی قیمت عوام کی قوت خرید سے باہر تھی اب غریب عوام شدید مہنگائی کے دور میں آمدنی کا بڑا حصہ سفر اور آمدورفت کیلئے پیٹرول پر کیسے خرچ کریں گے۔
ماہین سلمان نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے باعث کم آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی 21 فیصد سے بڑھ چکی تھی اور اب پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس سے غریب طبقے سمیت مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس تک شدید متاثر ہوں گے۔ قائم مقام صدر کاٹی نے کہا کہ مہنگائی نے کم آمدنی والے طبقہ کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات نظر نہیں آرہے جس سے غریب افراد کو کچھ ریلیف مل سکے۔
ماہین سلمان نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ کا اسمبلی میں بیان سامنے آیا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ہیں کہ عوام سے سبسڈی واپس لی جائے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے آئے روز مہنگائی میں تو اضافہ کیا جا رہا ہے لیکن آمدنی میں اضافہ کے اسباب پیدا نہیں کئے جا رہے۔ ملازمت کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں، انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں جبکہ سرمایہ کاری کا انخلاء شروع ہو چکا ہے ایسے میں ملک کیسے ترقی کرے گا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق مہنگائی کا تناسب رکھیں۔