کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مساجد امن کے گہوارے ہیں، نمازیوں کو مساجد میں روکنے کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے، علماء کیخلاف مقدمات کا اندراج اور ہتھکڑیاں کسی صورت برداشت نہیں، خدمت انسانیت کیلئے جمعیت علماء اسلام کے کارکنان ہر لمحہ تیار ہیں، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے جے یو آئی کے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ جے یو آئی سندھ کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اسلم غوری، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی، صدر سندھ بزنس فورم سندھ امین اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ علماء کرام اور حکومت کے متفقہ اعلامیے کی روشنی میں شہر کی مساجد میں محدود جمعہ اجتماعات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس کے باوجود بعض مقامات پر پولیس کی جانب سے مساجد کو سیل کرنا غضب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ عوام مشکلات کا شکار اور رجوع الی اللہ کے خواہشمند ہیں، ایسے حالات میں پیار و محبت سے پیش آکر ہی اجتماعات کو محدود کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شہر قائد میں آئمہ کرام کیخلاف مقدمات اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء امن کے داعی اور معاشرے کی قابل احترام شخصیات ہیں ان سے روا رکھی جانے والی بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں جائے گی۔ ان مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے۔ مولانا راشد سومرو نے کراچی پولیس چیف کو پیشکش کی کہ جمعیت علماء اسلام کے اسکاؤٹس، کارکنان فلاحی امور میں معاونت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہیں، انتظامیہ جب چاہے ان کے خدمات سے استفادہ کرسکتی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس غلام نبی میمن نے کہا کہ ائمہ کرام کیخلاف درج مقدمات کا فیصلہ ہوچکا ہے کہ یہ مقدمات جلد ختم کردیئے جائیں گے، انتظامیہ کو مذہبی طبقے اور علماء کرام ہی کے تعاون سے اب تک کورونا وبا کیخلاف اقدامات اٹھانے میں کامیابی ہوئی ہے۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی، ضلع غربی کے امیر مولانا عمر صادق، مولانا فخرالدین رازی و دیگر نے پیر آباد اورنگی ٹاؤن میں خاتون پولیس ایس ایچ او پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شرپسندوں کی کارستانی قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ کا مسجد سے کوئی تعلق نہیں، یہ ایک سازش معلوم ہوتی ہے اسلام کسی خاتون پر ایسے بزدلانہ حملے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے اپیل کی جمعہ اجتماعات کیلئے حکومت پالیسی پر نظر ثانی کرے ورنہ آنے والے دنوں میں عوام کو کنڑول کرنا کسی کی بس کی بات نہیں ہوگی۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: اہم پی اے سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے میرپورخاص میں ابتک 12 ہزار خاندانوں میں بہترین قسم کے کراچی سے منگائے گئے راشن بیگس تقسیم
https://www.nopnewstv.com/by-mpa-syed-zulfiqar-ali-shah/