کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ پاک فوج نے ملک دشمنوں کے گھناؤنے عزائم کو نہایت کامیابی سے ناکام بنا کر بے مثال نتائج حاصل کیے ہیں۔ پاکستان کا دفاع مسلح افواج کے اعلی پیشہ وارانہ معیار کی وجہ سے ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے یہ بات کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں اپنے وژن کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی، بلاتفریق احتساب اور انصاف کی بروقت فراہمی میرا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات اور اسلامی اصولوں پر کاربند ہو کر ہی پاکستان کو خوشحال ریاست میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کو ان عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تسلسل کے ساتھ سخت محنت کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت ، صنعت ، ٹیکنالوجی اور آٹو میشن سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کمانڈ اینڈ سٹاف کورس کے شرکاء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے خوابوں اور مقاصد کے حصول کے لیے ناکامی کے خوف سے مبرا ہو کر کام کریں۔